وفاق کے12سروس گروپس کانام تبدیل،نیا نام آل پاکستان سروسز ہوگا
وزیراعظم کی منظوری کے بعد بارہ وفاقی سروس گروپس کے افسران ملک بھر میں وفاق اور صوبائی اداروں میں تعینات ہو سکیں گے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے ذریعے منتخب افسران اب نئے نام آل پاکستان سروسز کے تحت خدمات انجام دیں گے
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کے آل پاکستان یونیفائیڈ گریڈز سروس گروپ کا نام تبدیل کرکے آل پاکستان سروسز رکھ دیا ہے ۔ وزیراعظم نے وفاق کے ماتحت بارہ سروس گروپس کے نام کی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے ۔نئے فیصلے کے تحت مذکورہ سروس گروپس کے افسران کو ملک بھر میں کسی بھی مقام پر تعینات کیا جا سکے گا، جبکہ وفاق اور صوبوں میں تعینات افسران اب آل پاکستان سروسز کے افسران تصور ہوں گے ۔ صوبوں میں وفاقی حکومت کے افسران کے لیے مختص کوٹے کے تحت بھی آل پاکستان سروسز کے افسران ہی تعینات کیے جائیں گے ۔وفاقی حکومت کے ماتحت بارہ سروس کیڈر گروپس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، سیکرٹریٹ سروس، آفس مینجمنٹ سروس، ان لینڈ ریونیو سروس، پاکستان کسٹمز سروس، ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس گروپ، انفارمیشن سروس گروپ، اکنامسٹ گروپ، کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ، پاکستان پوسٹل سروس اور پاکستان ریلوے سروس شامل ہیں۔ان تمام سروس گروپس میں افسران کی شمولیت فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحان کے ذریعے کی جاتی ہے ۔ قبل ازیں یہ تمام گروپس مجموعی طور پر آل پاکستان یونیفائیڈ گریڈز سروس گروپ کہلاتے تھے ، تاہم وفاقی حکومت نے اب اس کا نام تبدیل کرکے آل پاکستان سروسز کیڈر گروپ مقرر کر دیا ہے ۔