رجسٹریشن کے بغیر سروے و میپنگ پر پابندی ، پیشگی اجازت لازمی
غیر رجسٹرڈ ادارے 15 مئی تک رجسٹریشن کرائیں بصورت دیگر سخت کارروائی عملے کی اہلیت اور موزونیت کی تصدیق کرانا بھی لازمی ہوگی ، سروے آف پاکستان
اسلام آباد (ایس ایم زمان )سروے آف پاکستان نے ملک بھر میں جیوجیکل سروے ، سپیشل ڈیٹا جمع کرنے ،میپنگ، سیٹلائٹ امیجز اور تصاویر لینے سمیت تمام متعلقہ سروے سرگرمیوں کے لئے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی اور ادارے کی پیشگی اجازت کے بغیر ایسی کسی بھی سرگرمی روکنے کے احکامات جاری کر د ئیے ،سروے آف پاکستان کے مطابق سروے اینڈ میپنگ ایکٹ 2014 کے تحت کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارہ، ملکی و غیر ملکی کمپنی یا انفرادی سطح پر کام کرنے والے ماہرین اس وقت تک جیو سپیشل ڈیٹا کی تیاری اس کے تجز ئیے اور نقشہ سازی کا کام نہیں کر سکتے جب تک سروے آف پاکستان سے رجسٹرڈ نہ ہوں، متعلقہ کام کرنے والے عملے کی اہلیت اور موزونیت کی تصدیق بھی اسی ادارے سے لازمی ہوگی۔ نوٹس میں ان تمام اداروں اور کمپنیوں کو جو اس وقت رجسٹریشن کے بغیر پاکستان میں جیو سپیشل اور میپنگ کے شعبوں میں کام کر رہے ہیں، وہ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے ، سروے آف پاکستان کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ ادارے 15 مئی تک اپنی رجسٹریشن کرائیں بصورت دیگر ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔