پنجاب :سٹیمپ ڈیوٹی میں کمی کا آرڈیننس قائمہ کمیٹی سے منظور
غیر منقولہ جائیداد کے مالکان کو ریلیف ، ڈیوٹی 3 سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کا فیصلہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)حکومت پنجاب نے غیر منقولہ جائیداد کے مالکان کو ریلیف دینے کیلئے سٹیمپ ڈیوٹی 3 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، اس سلسلے میں سٹیمپ (ترمیمی) آرڈیننس قائمہ کمیٹی سے منظور کر لیا گیا، قائمہ کمیٹی برائے ریونیو کا اجلاس محمد احمد خان لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آرڈیننس کی منظوری دی گئی، آرڈیننس کے تحت سٹیمپ ایکٹ 1899 میں ترامیم کی جائیں گی، دیہی علاقوں میں 3 فیصد سٹیمپ ڈیوٹی کو کم کر کے 1 فیصد کرنا یکساں قانون کے نفاذ کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اس وقت شہری علاقوں میں سٹیمپ ڈیوٹی 1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد ہے جس کے باعث مسائل پیدا ہو رہے ہیں، مزید برآں ترامیم کے تحت قابلِ منتقلی معاہدے کو بھی سٹیمپ ایکٹ 1899 میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جسے ایکٹ کو مؤثر بنانے کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے ، مجوزہ قانون سٹیمپ ڈیوٹی کے نظام کو یکساں بنانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے ، ترمیمی آرڈیننس کی منظوری گورنر پنجاب 10 اپریل کو دے چکے ہیں اور یہ آرڈیننس منظوری کے بعد 90 دن کیلئے نافذ العمل ہے ، کمیٹی رپورٹ کے بعد اسے ایوان سے منظور کروایا جائے گا جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔