لاڑکانہ:عدالتی حکم پرپی پی رہنما سمیت 15 افراد کیخلاف مقدمہ
31جنوری کومحسن مشوری نے ساتھیوں کیساتھ تاجر دراز حسین پرمبینہ فائرنگ کی شکایت کے باوجود پولیس کے کارروائی سے گریز کرنے پرعدالت سے رجوع کیا گیا
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)لاڑکانہ میں عدالتی حکم پر تاجر دراز حسین شیخ کی مدعیت میں پیپلز پارٹی کے رہنما محمد محسن مشوری سمیت 15 نامعلوم ملزمان کے خلاف دڑی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، اس حوالے سے مقدمے کے مدعی دراز حسین شیخ نے میڈیا کے سامنے دہائی دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 31 جنوری کو پیپلز پارٹی کے رہنما محمد محسن مشوری اپنے 15 نامعلوم مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ان کے پلاٹ پر آئے ، اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، 30 لاکھ روپے نقد لوٹ لیے اور ان کی گاڑی بھی لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس پر میں نے اپنے وکیل شفقت علی شاہ نقوی اور آصف علی ابڑو کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بنچ لاڑکانہ میں درخواست دائر کی، جس کے بعد عدالتی حکم پر دڑی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، انہوں نے ڈی آئی جی، ایس ایس پی لاڑکانہ اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی رقم اور گاڑی واپس دلوائی جائے ۔