پاک بحریہ کا فضا سے سطح سمندر پر مارکرنیوالے تیمور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
غیر معمولی درستگی کیساتھ مشن مکمل ، دشمن کے سمندری اہداف کو طویل فاصلے سے تباہ کرنے کی جنگی صلاحیت کی تصدیق صدر ، وزیر اعظم ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان ، وفاقی وزیر داخلہ ، سپیکر قومی اسمبلی و دیگر کی مبارکباد
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، اے پی پی)پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ اینٹی شپ ویپن سسٹم تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کا تجربہ درست نشانے اور آپریشنل تیاری کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ ہے ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل کی کامیاب براہ راست ویپن فائرنگ کی ۔ایئر لانچڈ کروز میزائل نے غیر معمولی درستگی کے ساتھ اپنا مشن مکمل کیا جس سے پاکستان نیوی کی دشمن کے سمندری اہداف کو طویل فاصلے سے شناخت، نشانہ بنانے اور موثر طریقے سے تباہ کرنے کی جنگی صلاحیت کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان نیوی کی جانب سے یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے جو پاکستان کی مسلح افواج کی روایتی میدان میں کثیر جہتی اور مربوط حملہ آور صلاحیت کو مزید مضبوط بناتا ہے ۔پاک بحریہ ملک کے سمندری مفادات اور خودمختار پانیوں کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے ۔صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسزسید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق و دیگر نے تیمور میزائل کے کامیاب تجربے پر مسلح افواج، سائنسدانوں اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تیمور میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی جدید اور درست دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔