پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں میں تیزی کیلئے اتھارٹی ، نظام کی منظوری
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گی نئے نظام پر عملدر آمد پر پیشرفت تیز کی جائے ،وزارتوں کی استعداد میں بہتری لائی جائے ،شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیرِ اعظم شہبازشریف نے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی اور اس سے متعلقہ نظام کو مزید مربوط بنانے کی اصولی منظوری دے دی، وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تر قیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی تھری اے کی کارکردگی کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کیلئے یہ اتھارٹی نجکاری ڈویژن کے تحت کام کرے گی ۔وزیر اعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹرنرشپ کی ذریعے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی استعداد میں بہتری لائی جائے۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی جانچنے کا حصہ بنایا جائے ،اجلاس کو خطے اور عالمی سطح پر مختلف ممالک میں رائج پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈلز کا موازنہ پیش کیا گیا،اجلاس کو مجوزہ نئے نظام کے خدوخال پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیرِ اعظم نے نئے منظور شدہ نظام کے حوالے سے عملدر آمد پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔