پنجاب حکومت کی 8 محکموں میں 43 ہزار سے زائد خالی اسامیاں ختم کرنے کی منظوری
سکول ایجوکیشن کی سب سے زیادہ 30 ہزار، زراعت کی 11 ہزار 399، ہاؤسنگ کی 727اسامیاں ختم سوشل ویلفیئر و بیت المال کی 561 ،سپیشل ایجوکیشن کی 266، پبلک پراسیکیوشن کی 222 سیٹیں شامل
اسلام آباد،لاہور (نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، خبر نگار) پنجاب حکومت نے 8 محکموں اور ان کے ذیلی اداروں میں 43 ہزار 332 سے زائد خالی اسامیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے بجٹ اور اخراجات میں ان تبدیلیوں کو فوری نافذ کریں تاکہ آئندہ بجٹ میں ختم شدہ اسامیوں کے لیے فنڈز مختص نہ کیے جائیں۔محکمہ خزانہ پنجاب کے احکامات کے مطابق مذکورہ اسامیاں گریڈ 1 سے 16 تک کی ہیں جو یکم جولائی 2024 سے خالی تھیں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی 30 ہزار سے زائد، محکمہ زراعت اور اس کے ذیلی شعبوں کی 11 ہزار 399، محکمہ ہاؤسنگ کی 727، محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی 561، محکمہ سپیشل ایجوکیشن کی 266 اور محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے مختلف ونگز کی 222 اسامیاں ختم کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 1 سے 16 تک کی 30 ہزار 391 خالی اسامیوں کو ختم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ لاہور سمیت پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز پر لاگو ہوگا۔اسی طرح محکمہ زراعت میں گریڈ 1 سے 15 تک کی 11 ہزار 399 اسامیاں ختم کی گئی ہیں، جن میں بیلدار، چوکیدار، خاکروب، مالی اور لیبر سمیت نچلے درجے کے عملے کے ساتھ ساتھ جونیئر کلرک، فیلڈ اسسٹنٹ، ڈرائیور اور دیگر تکنیکی و انتظامی اسامیاں شامل ہیں۔محکمہ ہاؤسنگ میں 727 خالی مستقل اسامیوں کا خاتمہ کیا گیا، جس کا اطلاق صوبہ بھر کی مختلف ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور ذیلی اداروں پر ہوگا۔
مختلف اضلاع اور اداروں میں اسسٹنٹ، آڈیٹر، سب انجینئر، کلرک، سروئیر اور دیگر کیڈرز کی اسامیاں بھی ختم کی گئی ہیں۔مزید برآں محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے 5 ونگز میں 222، محکمہ زکوٰۃ و عشر میں 92 اور محکمہ لیبر میں 65 خالی اسامیوں کو ختم کیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر ضروری اخراجات میں کمی اور موجودہ عملے سے بہتر کارکردگی حاصل کرنا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے سرکاری اخراجات میں کمی آئے گی، تاہم نئی بھرتیوں کے مواقع محدود ہونے سے روزگار کے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں۔