ملتان اور لاہور کی جیت،راولپنڈیز پہلی فتح کو ترس گئے
سلطانز نے 167 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا،راولپنڈیز کی ٹیم کو مسلسل آٹھویں میچ میں شکست کاسامناکرناپڑا قلندرز کے 198رنزکے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 188 رنز بناسکی،فخر زمان نے 51 گیندوں پر 103 رنز کی اننگزکھیلی
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل 11میں ملتان سلطانزنے راولپنڈیزاورلاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوہرادیاہے جبکہ راولپنڈیز کی ٹیم کو مسلسل آٹھویں میچ میں شکست ہوئی ہے اوروہ ایونٹ میں اپنی پہلی فتح کوترس گئے ہیں ۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 31ویں میچ میں ملتان سلطانز نے راولپنڈیز کو 6 وکٹوں سے جیت ہرایا،راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ۔ کپتان محمد رضوان نے 26 اور سیم بلنگز نے 29 رنز بنائے جبکہ ڈیرل مچل 58 اور ڈائین فوریسٹر 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ملتان سلطانز نے 167 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ سٹیو سمتھ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، ایشٹن ٹرنر 37 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ صاحبزادہ فرحان اور شان مسعود نے 20، 20 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے 2، رضا اللہ اور سعد مسعود نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،قبل ازیں قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 30 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 197 کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا، فخر زمان نے 51 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے ۔ ان کے علاوہ چریتھ اسالانکا نے 31، ڈینئل سیمس نے 18 اور عبداللہ شفیق نے 14 رنز کے ساتھ ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خلیل احمد نے 2 جبکہ ابرار احمد، عثمان طارق اور بریٹ ہیمٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 188 رنز بناسکی۔ گلیڈی ایٹرز کے شامل حسین نے 53 اور رائیلی روسو نے 62 رنز جبکہ اختتامی لمحات میں ابرار احمد نے 24 رنز کی قابل دید اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو فتح کی لکیر عبور نہ کرواسکے ۔قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین آفریدی، سکندر رضا، عبید شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔