عالمی مارکیٹ سے فنڈز کیلئے بانڈز، سکوک اجرا کی تیاری
وزارت خزانہ نے جی ایم ٹی این پروگرام تجدید کیلئے عالمی کمپنیوں سے تجاویز مانگ لیں انڈر رائٹرز، لیڈ منیجرز تقرری کیلئے ای پیڈز رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی
اسلام آباد (ایس ایم زمان)عالمی مارکیٹ سے فنڈز کیلئے بانڈز، سکوک اجرا کی تیاری ، وزارت خزانہ کے ڈیٹ مینجمنٹ آفس نے عالمی مالیاتی منڈیوں سے وسائل کے حصول کے لیے بین الاقوامی انڈر رائٹرز، لیڈ منیجرز اور بک رنرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے بین الاقوامی کمپنیوں سے باقاعدہ طور پر تجاویز طلب کر لی ہیں جن کا مقصد گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ (جی ایم ٹی این) اور سکوک ٹرسٹ سرٹیفکیٹ اجرا پروگرام کی تجدید کرنا ہے۔وزارت خزانہ مذکورہ پروگراموں کے ذریعے یورو بانڈز، مقامی کرنسی میں نامزد مگر امریکی ڈالر میں سیٹل ہونے والے بانڈز اور بین الاقوامی سکوک کے اجرا کے لیے ضروری ڈھانچہ سازی اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔
وزارت خزانہ نے مالیاتی منصوبے میں دلچسپی رکھنے والے بین الاقوامی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی پی آر اے کے ای-پیڈز پورٹل پر لازمی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ متعلقہ دستاویزات تک رسائی حاصل کی جا سکے ۔ تمام تکنیکی اور مالی تجاویز صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے ہی جمع کرائی جا سکیں گی۔وزارت خزانہ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تجاویز 25 مئی تک جمع کرا دیں۔