امریکا سمیت 4ممالک میں اکنامک منسٹرز تعیناتی کیلئے درخواستیں طلب
گریڈ 20اور 21کے افسراہل ، تین سال کیلئے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض،لندن بھیجا جائیگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزارت خزانہ نے امریکہ، چین، سعودی عرب اور برطانیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانوں میں اکنامک منسٹرز کی چار اسامیوں پر تعیناتی کے لیے گریڈ 20اور 21کے افسران سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ان عہدوں کے لیے وہی وفاقی افسران اہل ہوں گے جنہوں نے معاشی امور سے وابستہ وزارتوں خزانہ، اقتصاد ی امور، منصوبہ بندی، تجارت یا نجکاری کمیشن میں کم از کم تین سال خدمات انجام دی ہوں، صوبائی حکومتوں کے وہ افسران بھی درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے وفاقی معاشی وزارتوں میں کم از کم ایک سال کام کیا ہو۔ امیدواروں کے لیے 55 سال کی عمر کی حد مقرر کی گئی ہے اور ان کا گزشتہ پانچ سالہ سروس ریکارڈ انتہائی بہترین ہونا لازمی ہے ۔ ۔ منتخب افسران کو تین سال کے لیے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور لندن بھیجا جائے گا۔