9 اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے میگا سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ
گوجرانوالہ کیلئے 7 ارب 44 کروڑ،فیصل آبادکیلئے 3 ارب 72 کروڑ مختص کئے گئے الیکٹرک بسیں فراہم ، سٹاپس، ٹرمینلز اور دیگر سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائیگا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کا فیصلہ کر لیا، صوبے کے 9 اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 9 میگا سکیمیں شروع کی جا رہی ہیں جن کے تحت نہ صرف الیکٹرک بسوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ بس سٹاپس، ٹرمینلز اور دیگر سہولیات کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔گوجرانوالہ کو اس منصوبے میں سب سے زیادہ فنڈز دئیے جا رہے ہیں، جہاں ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کیلئے 7 ارب 44 کروڑ 38 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے، جبکہ فیصل آباد میں بس سٹاپس کی بحالی اور نئے اڈوں کی تعمیر کیلئے 3 ارب 72 کروڑ 19 لاکھ روپے ،گجرات میں بس ٹرمینلز اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے 5 ارب 10 کروڑ روپے ،راولپنڈی کیلئے 4 ارب 34 کروڑ روپے ، سرگودھا کیلئے 5 ارب 37 کروڑ 61 لاکھ روپے ،ساہیوال 4 ارب 48 کروڑ روپے ، ملتان کیلئے 2 ارب 48 کروڑ 13 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔جنوبی پنجاب کے اضلاع میں ڈیرہ غازی خان کیلئے 5 ارب 85 کروڑ روپے اور بہاولپور کیلئے 2 ارب 55 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کے ذریعے بس ٹرمینلز، سٹاپس اور دیگر بنیادی سہولیات کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے گا۔حکام کے مطابق ان میگا پراجیکٹس پر کام رواں مالی سال میں ہی شروع کر دیا جائے گا ، ابتدائی مراحل کیلئے ترقیاتی بجٹ سے 90 کروڑ روپے کے فنڈز فوری طور پر جاری کئے جائیں گے تاکہ منصوبوں پر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔