مذاکرات میں پیشرفت امریکی رویے سے مشروط :ایرانی سفیر
مذاکراتی منصوبہ پہنچا دیا ، امریکا اگر واقعی سنجیدہ ہوا تو اسے رویہ بدلنا ہوگا ایران قومی مفادات اور دفاع پر کوئی سمجھو تا نہیں کرے گا ، رضا امیری مقدم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے ایران نے پاکستان کے ذریعے نیا مذاکراتی منصوبہ امریکا تک پہنچا دیا ، مذاکرات میں پیشرفت کا دارومدار امریکی رویے پر ہے ۔ایرانی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا مذاکرات میں پیشرفت امریکی رویے کی تبدیلی سے مشروط ہے ، ایران اپنے مؤقف اور مطالبات میں شفاف ہے ، اگر امریکا سنجیدہ ہے تو اسے اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایران قومی مفادات اور دفاع پر کوئی سمجھو تا نہیں کرے گا ،موجودہ عمل میں پاکستان مرکزی ثالث ہے اور اس کی کوششیں قابلِ قدر ہیں، پاکستان بدستور ثالث ہے ، اس میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ امریکا کو جارحانہ رویہ ترک کرکے ایران کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔رضا امیری مقدم کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی روابط میں اضافہ جاری ہے ، پاکستان خطے میں تجارتی راستوں کے تنوع اور ایران کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے ۔