بلوچستان،پختونخوا:جھڑپوں میں 7دہشتگرد ہلاک،3سکیورٹی اہلکاروں سمیت7شہید
فورسز کی کارروائی میں 4 ،بگٹی قبائلی امن فورس سے جھڑپ میں 2دہشتگردمارے گئے ، 2مغوی شہری قتل کچھی ، جھل مگسی میں 14 کھمبے تباہ ،بجلی بند ، لکی مروت میں کانسٹیبل ، سلارزئی میں سماجی رہنما جاں بحق ہوگیا
ڈیرہ بگٹی،ڈیرہ مراد جمالی،کوئٹہ ،پشاور(نامہ نگاران ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4دہشتگرد ہلاک،2 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ بگٹی قبائل کیساتھ جھڑپ میں 2دہشت گرد مارے گئے ، اس دوران 2مغویوں کو قتل کر دیا ، علاوی ازیں کچھی اور جھل مگسی میں کیسکو کے 14 کھمبے اڑا دئیے گئے ہیں دوسری طرف خیبر پختونخوا میں فائرنگ سمیت دیگر واقعات کے د وران ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ ساحلی ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اورجھڑپ میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ،ایک سینئر سرکاری اہلکار کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی اہلکارشہید ہو گئے ۔
علاوہ ازیں ضلع دُکی کے علاقہ تلاؤ میں نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کے دھماکا میں موٹر سائیکل سوار نجی سکیورٹی کمپنی کے 2 گارڈ زخمی ہوگئے ۔ دریں اثناء ضلع بارکھان کے علاقے بغاوو ضلع ڈیرہ بگٹی اپر کے بارڈر میں بگٹی قبائلی امن فورس کے رضاکاروں اور مسلح دہشت گردوں میں جھڑپوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے مغوی شہری ولی بخش اور وزیر اعلیٰ کے بھائی آفتاب مسوری کا گن مین عظت گرانی جاں بحق ہو گئے ،مغوی ولی بخش بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے ۔
دوسری طرف کچھی اور جھل مگسی میں نا معلوم مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے کیسکو کی ہائی ٹرانسمیشن لائن کے 14 کھمبے اڑا دیئے اور 40 سے زیادہ کھمبوں کے تار کاٹ دئیے جس کے نتیجہ میں سینکڑوں دیہی اور شہری علاقے مکمل تاریکی میں ڈوب گئے ، واقعے کی اطلاع پر سکیورٹی اداروں اور کیسکو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ۔کیسکو حکام کے مطابق مرمت اور بحالی کا کام سخت سکیورٹی کی نگرانی میں شروع کردیا گیا ہے اوربجلی بحالی میں چند روز لگ سکتے ہیں ۔ادھر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے پشاور میں تعینات پولیس اہلکار عرفان اللہ کو شہید کر دیا،عرفان اللہ چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا کہ انہیں کیچی کمر میں واقع گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنادیا گیا۔
علاوہ ازیں ضلع باجوڑ کی تحصیل برنگ کے علاقے اصیل ترغاؤ سیاہ مینہ میں آئی ڈی بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت سید دور کے نام سے ہوئی ہے جبکہ باجوڑہی کی تحصیل سلارزئی کے علاقے کوہی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سماجی رہنما ملک ضیا سلارزئی جاں بحق ہو گئے ۔ مزید برآں ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی میں نامعلوم دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے ایڈیشنل ایس ایچ او میراجان شاہ کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ، زخمی ایس ایچ او کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران دہشتگرد قاری سہیل ہلاک ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق قاری سہیل متعدد پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا ۔