لاہور سمیت کئی شہروں میں تیز بارش،موسم خوشگوار
دن بھر سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی ،واسا نے الرٹ جاری کر دیا
لاہور(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی آ گئی۔ بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ لاہور میں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اب تک سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 8 ملی میٹر اور جوہر ٹاؤن میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر واسا حکام نے الرٹ جاری کر دیا ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔ شہر میں دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی ، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ۔