پاکستان کیساتھ تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ گیا:بنگلا دیش
لاہور سے بھی ڈھاکا کیلئے پروازیں شروع کرینگے :ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت دونوں ممالک کے درمیان شپنگ روابط کو فروغ دیا جائے گا:کراچی میں خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کا حجم حالیہ عرصے میں 20 فیصد اضافے سے ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکا، پاکستان اور بنگلہ دیشن میں براہ راست پروازوں اور شپنگ روابط سے دوطرفہ تجارت کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہوا، کراچی کے بعد لاہور سے بھی ڈھاکا کیلئے پروازیں شروع کریں گے ، عالمی امن کی خاطر ایران اور امریکا میں ثالثی کیلئے پاکستان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے زیر اہتمام ڈسکشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شپنگ روابط کو فروغ دیا جائے گا، بنگلا دیش کے سرکاری افسر وں کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے ، یہ دورہ رابطوں کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا،دو طرفہ تجارت کے حجم میں آنے والے دنوں میں اضافہ ہوگا۔پیٹرن ان چیف کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز اکرام سہگل نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارت پر ٹیرف کا خاتمہ ضروری ہے ، بنگلا دیش کی چائے پر درآمدی ڈیوٹی ختم کی جائے تو پاکستان میں چائے کی قیمت 50 فیصد کم کی جا سکتی ہے ،ویزا آن ارائیول کی سہولت سے دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں مدد ملے گی،دونوں ممالک مشترکہ دفاعی سمجھوتہ کریں ۔