پنجاب میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کررہے :انوشہ رحمن

پنجاب میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کررہے :انوشہ رحمن

مصنوعی ذہانت ، جدید ٹیکنالوجیز مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد بن رہیں ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مو ثر ریگولیٹری فریم ورک ناگزیر :سینئر ایڈوائزر وزیراعلیٰ

لاہور(خبر نگار،این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کی سینئر ایڈوائزرانوشہ رحمن نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈیجیٹل انقلاب کیلئے سیٹلائٹ بیسڈ انٹرنیٹ سروس شروع کی جا رہی ہے ، اس اقدام کے ذریعے ہر گاؤں، سکول، کالج اور ہسپتال تک انٹرنیٹ رسائی ممکن بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے ،مصنوعی ذہانت ، جدید ٹیکنالوجیز مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد بن رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے سینٹر فار ڈیجیٹل ایسٹ ریسرچ کے زیر اہتمام منعقدہ لیڈرشپ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انوشہ رحمن نے مزیدکہا کہ پاکستان اور دنیا میں ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے مو ثر ریگولیٹری فریم ورک ناگزیر ہے ،مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور جدید انٹرنیٹ ٹیکنالوجیز مستقبل کی ڈیجیٹل معیشت کی بنیاد بن رہی ہیں ، جلد سرکاری سطح پر سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کا آغاز کیا جائے گا ،آئندہ چار برسوں میں 60 لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ریگولیٹری نظام کو ابھرتی ٹیکنالوجیز کے مطابق مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ پالیسی ڈھانچہ جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں، جس کے باعث اصلاحات اور رفتار دونوں کی ضرورت بڑھ گئی ،اگر قابلِ اعتماد اور مستحکم انٹرنیٹ دستیاب نہ ہو تو ڈیجیٹل تبدیلی ممکن نہیں،مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ہی معیشت کی جدید تشکیل کی بنیاد ہے ، بلاک چین ٹیکنالوجی ڈیجیٹل معیشت میں اعتماد اور شفافیت بڑھانے کا موثر ذریعہ ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں