وزیر اعظم نے تیل سمیت دیگر چیزوں میں بہت ریلیف دیا :رانا تنویر
امریکا، ایران جنگ نے دنیا کی معیشت کو شدید جھٹکا دیا :وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ بھارت کو جنگ میں شکست دینے کے باعث آج دنیا میں پاکستان کی عزت :خطاب
مریدکے ،کالا شاہ کاکو (نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکا، ایران جنگ نے پوری دنیا کی معیشت کو شدید جھٹکا دیا لیکن وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانیوں کو پٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر چیزوں میں سبسڈی دے کر بہت ریلیف دیا ،ایک انتشاری پارٹی کے انتشار پھیلانے کے باعث آج ملک میں یکجہتی اور اتحاد کی زیادہ ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم این اے وچیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے آبی وسائل انجینئر رانا احمد عتیق انور ودیگر کے ہمراہ نجی شادی ہال کا افتتاح کرتے ہوئے تقریب کے شرکا سے خطاب میں کیا۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی حکمت عملی سے موجودہ حالات پر قابو پالیا گیا ، اب وزیراعظم عوام کو اپنا گھر اپنی چھت جیسے میگا پراجیکٹس دے کر عوامی خدمت میں مصروف ہیں ،فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی ٹیم سمیت دو سال کی جدوجہد کرکے پاکستان کوعمرانی حکومت کے معاشی بھنور سے نکالا مگر ایران امریکا جنگ نے ان کی محنت کے اثرات کم کر دیئے ،اگر یہ جنگ جلد ختم نہ ہوئی تو اس کے مزید اثرات بڑھیں گے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال پہلے بھارت کو جنگ میں شکست دی جس سے دنیا میں آج پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا اور بھارت کوذلت و رسوائی کا سامنا ہے ، نریندر مودی اندرونی طور پر بہت کمزور ہو رہا ہے ۔