کراچی میں پارہ 41ڈگری پر پہنچ گیا،اسلام آبادآج بارش کاامکان

کراچی میں پارہ 41ڈگری پر پہنچ گیا،اسلام آبادآج بارش کاامکان

شام میں سمندری ہوائیں بحال ، کل سے گرمی میں کمی آ سکتی ہے ،محکمہ موسمیات راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان اورکشمیرمیں بھی بادل برسیں گے

کراچی،لاہور(نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں اتوار کوپارہ 40.9 ڈگری سینٹی پرپہنچ گیا،جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ  24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کاامکان ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی یہ درجہ حرارت مئی کے معمول کے درجہ حرارت سے 5 سینٹی گریڈ زائد ہے ، شہر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت گلستان جوہر میں 42 ڈگری ،جناح ٹرمینل پر 41.4، ماڑی پور 40 اور شارع فیصل پر 39.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ دن میں شمال مغرب سے گرم ہوائیں چل سکتی ہیں۔ شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے اور منگل سے گرمی میں کمی کا امکان ہے ، ڈپٹی ڈائریکٹر و ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں آج مزید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے ۔ حیدرآباد میں اتوار کو شدید گرمی برقرار رہنے سے درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، مئی کے مہینے میں شہر کا سابقہ ریکارڈ 48 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں