ٹوکن ٹیکس وصولی بھی ٹریفک پولیس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ
ون ایپ نظام اگلے ہفتے سے پنجاب بھر میں مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے :حکام گاڑی کا نمبر یا نمبر پلیٹ کی تصویر ڈالنے پر واجبات کی تفصیلات سامنے آ جائینگے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)محکمہ ایکسائز نے ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹوکن ٹیکس اور ای پی اے چالان کی وصولی بھی ٹریفک پولیس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔حکام کے مطابق ون ایپ کے ذریعے اب نہ صرف ٹریفک چالان بلکہ مختلف محکموں کی دیگر سرکاری وصولیاں بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر ممکن ہوں گی، یہ نظام اگلے ہفتے سے صوبہ بھر میں مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے ۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق ون ایپ میں 9مختلف محکموں کا مربوط ڈیٹا شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے گاڑی کا نمبر یا نمبر پلیٹ کی تصویر ڈالنے پر فوری تمام واجبات کی تفصیلات سامنے آ جائیں گی،یہ ایپ پہلے ہی دو ماہ سے ڈیجیٹل چالاننگ کیلئے کامیابی سے استعمال ہو رہی ہے ، اب اسے مزید وسعت دی جا رہی تاکہ دیگر سرکاری ادائیگیاں بھی اسی سسٹم کے ذریعے وصول کی جا سکیں،نئے نظام کے تحت چالان یا ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی پی ایس آئی ڈی کے ذریعے متعلقہ ادارے کے اکاؤنٹ میں براہِ راست منتقل ہو جائے گی ،اگلے مرحلے میں دیگر سرکاری اداروں کو بھی اس سسٹم تک رسائی دی جائے گی ۔