سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہو نگے ، ایجنڈا جاری
ایوان بالامیں ملکی معاشی صورتحال اور دیگر تحاریک پر بحث بھی کی جائے گی ایوان زیریں میں ایران ، امریکا مذاکرات ،خطے کی بدلتی صورتحال پر غور ہوگا
اسلام آباد(نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے ،آن لائن )سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اہم اجلاس آج ہونگے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونیوالے ایوان بالا کے اجلاس کا54رکنی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی کے مطابق پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر اراکین کی جانب سے بلز متعارف کرائے جائیں گے ۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں کی حالت زارسمیت ملک کی معاشی صورتحال اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تحاریک پر بحث کی جائے گی۔اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو علاج و معالجہ کی مناسب سہولیات نہ ملنے کے حوالے سے اپوزیشن اراکین اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔دوسری طرف ایوان زیریں کا اجلاس شام 5 بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور خطے کی بدلتی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری 26 نکاتی ایجنڈے کے مطابق وقفہ سوالات، توجہ دلاؤ نوٹس، قانون سازی، بلز، تحریک اور مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کرنے کے علاوہ ایران ، امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اور ان کے خطے پر ممکنہ اثرات بھی زیر بحث آئیں گے ۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا یہ اجلاس دو ہفتوں تک جاری رہے گا ۔