شہباز شریف کی دور اندیشی سے ملک پٹرولیم بحران سے بچ گیا: مریم نواز

 شہباز شریف کی دور اندیشی سے ملک پٹرولیم بحران سے بچ گیا: مریم نواز

ماضی میں پاکستان طالبان کا ملک قرارپایا ، آج وہ بڑے ملکوں میں مصالحت کروا رہا سیاسی،عسکری قیادت محبت کرنیوالی ہوتو ملک کو آگے بڑھنے سے نہیں روکا جا سکتا 1 لاکھ طلبہ کو الیکٹرک بائیکس دینگے ،لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی میں خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری لیڈر شپ اگر ملک سے محبت کرنے والی ہوں تو اس ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی روک نہیں سکتا، دنیا نے ماضی میں پاکستان کو دہشت گرد اور طالبان کا ملک قرار دیکر پیچھے چھوڑ دیا تھا،آج پاکستان بڑے ملکوں کے درمیان مصالحتی کردارادا کررہا ہے ،جو دو ملک آپس میں بات نہیں کرتے اب وہ پاکستان کی بدولت معاہدہ کررہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کی دور اندیشی کی وجہ سے آج پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کا کوئی بحران نہیں، لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کے 21ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت سی یونیورسٹیوں میں جانے کا اتفاق ہوا لیکن لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے ،یہاں میری بہت سی یادیں ہیں میں نے یہاں سے انگلش میں ماسٹرز کیا ہے ، انہوں نے طالبات سے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ کا سفر ختم نہیں بلکہ شروع ہوا ہے۔

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارایک خاتون وزیراعلیٰ کے منصب پر مقررہوئی، میری کیبنٹ میں سب سے محنتی وزیر خواتین ہیں، پہلی بار کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے بڑے عہدوں پر خواتین کام کررہی ہیں، میری اپنی جماعت کے لوگ کہتے تھے کہ کیسے ایک خاتون پولیس، انسداد دہشت گردی اور دیگر انتظامی معاملات کیسے چلائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں صوبے میں خواتین کو ہراساں کرنے والے مجرم کو قانون کے کٹہرے میں لائے بغیر نہیں سوتی، خواتین کے تحفظ کیلئے جگہ جگہ پینک بٹن لگائے جارہے ہیں، والدین سے کہتی ہوں کہ ہراسمنٹ کے معاملے میں ہمیشہ اپنی بیٹی کا ساتھ دیں۔ خواتین کیلئے آن لائن ہراسگی کیلئے سسٹم تشکیل دیا جارہا ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا ٹیکنالوجی، اے آئی کے دور میں لیپ ٹاپ کے بغیر تعلیم حاصل کرنا نا ممکن ہے۔

بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم اور غلیل کے بجائے لیپ ٹاپ ہونے چا ہئیں،طلبہ کی آسانی کے لئے گرین بسوں کا دائرکار کالجز اور یونیورسٹیوں تک بڑھایا،وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ اگلے سال طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی،مزید کہا کہ میرے والد لاہور کی سڑکوں پربیٹیوں کو بائیکس چلاتے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں ،دریں اثنا نرسز کے دن پراپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے نرسنگ کے شعبے سے منسلک افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور صحت کے شعبے میں انسانیت کے لیے ان کے کلیدی کردار کو سراہا،انہوں نے نرسوں کو بیماری، تکلیف اور بے بسی کے وقت امید، حوصلے اور محبت کی علامت قرار دیا اور کہا کہ نرسنگ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں