پیر صاحب پگارا سے ملاقات

 پیر صاحب پگارا سے ملاقات

کراچی (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے جمعہ کی شام حروں کے روحانی پیشوا وسربراہ مسلم لیگ فنکشنل پیر صاحب پگارا سے ان کی رہائشگاہ راجہ ہاؤس میں ملاقات کی۔

 اس موقع پر سید صدرالدین شاہ راشدی، سید راشد شاہ، معظم علی عباسی، سردار عبدالرحیم، راشد محمود سومرو ودیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، اقتصادی حالات، مہنگائی کے سبب عوام کو درپیش مشکلات اور دونوں جماعتوں کے درمیان قریبی سیاسی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مشاورت کی ۔ملاقات میں ملک کے معاشی نظام، بالخصوص آبادگاروں، زمینداروں اور ہاریوں کو درپیش مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے ،عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے جبکہ حکمران خوابِ غفلت میں ہیں۔ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور مشترکہ جدوجہد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو میں کہا کہ اگر عام آدمی اسی طرح مہنگائی کے بوجھ تلے دبا رہا تو ملک مزید انتشار کا شکار ہو جائے گا،ضروری ہے سیاسی کارکن شائستگی اور اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ علاوہ ازیں جے یو آئی قیادت نے آئندہ سال سکھر میں منعقد ہونے والی امن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو پیر صاحب پگارا نے قبول کر لی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں