سکھر: 2بااثر منشیات فروش خواتین پولیس حراست سے فرار
لاہور،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ،سٹاف رپورٹر) سکھر پولیس کی حراست سے 2بااثر منشیات فروش خواتین فرار ہوگئیں۔پولیس کے مطابق نسیمہ کھوسو اور ذکیہ کھوسو کو گزشتہ روز کھوسہ گوٹھ میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کے دوران گرفتارکرکے تھانہ سائٹ میں لاک اپ کیا گیا تھا ۔
ایس ایس پی سکھر اظہر مغل نے کہاہے کہ تحقیقات ہو رہی ہیں کہ خواتین کس طرح حراست سے فرار ہوئیں، فرار میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔دریں اثناء کوکین کوئن انمول پنکی کی نشاندہی پر پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں کوکین برآمد کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ برآمد شدہ منشیات 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ہے ۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف سچل تھانے میں نیا مقدمہ نمبر783/26 اسٹیشن انویسٹی گیشن افسر بغدادی مثل خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ، جس میں ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق دوران تفتیش ملزمہ نے کوکین کی موجودگی کا انکشاف کیا، جس پر خواتین اہلکاروں کے ہمراہ پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس پر چھاپہ مارا، جہاں ملزمہ نے خود پولیس کو فلیٹ کی نشاندہی کی، جس پر تالا لگا ہوا تھا۔پولیس نے تالا توڑ کر فلیٹ میں داخل ہو کر تلاشی لی اور باتھ روم میں تھیلیوں میں پیک کوکین ملی، جس کا وزن 228 گرام تھا، موقع سے 7 خالی ڈبیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمہ نے تفتیش کے دوران منشیات کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا۔