پنجاب بھر میں یکم جون تک سمارٹ لاک ڈائون ختم،رات 8بجے کے بعد کاروبار کی اجازت
پنجاب حکومت کا عیدالاضحی کے پیش نظر کاروبار کیلئے ریلیف ، نئے اوقات کار کانوٹیفکیشن ، مارکیٹوں ،شاپنگ مالز،ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات گئے تک دکانیں کھولنے کی اجازت فیصلے کا مقصد تجارتی پہیہ گھمانا ، خریداروں کو اضافی وقت فراہم کرنا ہے ،انتظامیہ کو فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئیں ،تاجر تنظیموں کا مریم نواز کو خراج تحسین
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)پنجاب حکومت نے عیدالاضحی کے پیش نظر ریلیف دیتے ہوئے یکم جون تک پورے صوبے میں مارکیٹوں ،شاپنگ مالز،ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس 8 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی ہے ، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نئے اوقاتِ کار سے متعلق اہم نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے بعد تاجروں،دکانداروں ،ہوٹل مالکان کو 8بجے دکانیں بند کرنے کی پابندی سے استثنیٰ مل گیا ہے اور ان کو رات گئے تک کاروبار کی اجازت دے دی گئی ہے ،اس نوٹیفکیشن کے بعد ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر)محمد علی اعجاز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر تاجر برادری اور شہریوں کے لیے پیغام میں کہا کہ شہر کی
تمام مارکیٹوں کے کاروباری اوقات میں یکم جون تک سمارٹ لاک ڈائون ختم کر دیا گیا ہے ،اس فیصلے کا بنیادی مقصد تاجروں کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنا اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانا ہے ، ڈی سی لاہور نے انتظامیہ کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ ہر شہری مستفید ہوسکے ۔ اس اہم فیصلے کا مقصد صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں تجارتی پہیہ گھمانا اور خریداروں کو اضافی وقت فراہم کرنا ہے ،ڈی سی لاہور نے واضح کیا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیا گیا ہے ،لاہور میں تاجر تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس فیصلے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ، واضح رہے کہ حکومت نے ایران جنگ کے بعد توانائی بچت پروگرام کے تحت رات 8 بجے دکانیں،شاپنگ مالز،ہوٹلز رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم جاری کر رکھا تھا۔
،