10 کلو آٹا 1100روپے میں فروخت ہوگا:نئی قیمتوں پر اتفاق
اوپن مارکیٹ میں گندم 3600سے 4000روپے فی من تک پہنچ گئی دکاندارجرمانے سے بچنے کیلئے متفق نرخوں پر آٹا بیچیں :صدر کریانہ مرچنٹس
لاہور (عمران اکبر)فلور ملز اور محکمہ خوراک کے درمیان آٹے کی نئی قیمتوں پر اتفاق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق گندم کی نئی قیمت کے تناسب سے 10 کلو آٹے کے تھیلے کا مل ریٹ 1050 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2150 روپے مقرر کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا ریٹیل مارکیٹ میں 1060 سے 1100 روپے تک فروخت کیا جا سکے گا، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2160 سے 2200 روپے تک دستیاب ہوگا۔ذرائع کے مطابق فلور ملز اس وقت اوپن مارکیٹ سے گندم 3600 سے 4000 روپے فی من کے حساب سے خرید رہی ہیں، جس کے باعث محکمہ خوراک اور فلور ملز نے گندم کی نئی قیمتوں کے تناسب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت پنجاب فلور ملز کو گندم 3000 روپے فی من کے حساب سے فراہم کر رہی تھی، جس کے باعث 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ نئی قیمتوں کے بعد ایک ماہ کے دوران 10 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 200 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے ۔کریانہ مرچنٹس کے صدر حافظ محمد عارف نے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتفاق شدہ نرخوں پر آٹا فروخت کریں تاکہ جرمانوں سے بچا جا سکے ۔