کراچی، ایف آئی اے چھاپہ، جیولر پر مبینہ تشدد کا نوٹس
ڈائریکٹر کو واقعے کی انکوائری کے احکامات، 48گھنٹوں کے اندر جامع رپورٹ طلب کسی اہلکار کی غفلت یا بدسلوکی ثابت ہوئی تو قانونی کارروائی ہوگی:ڈی جی ایف آئی اے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صرافہ بازار کراچی میں ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران پیش آنے والے واقعے پرڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لے لیا ہے ، عثمان انور کی جانب سے ڈائریکٹر کراچی زون کو واقعے کی مکمل انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، کراچی صدر میں ایف آئی اے کی جانب سے جیولرز کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے ، جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی، جبکہ کارروائی کے دوران ایک جیولر اور دکان میں موجود افراد کے ساتھ مبینہ تشدد اور ناروا سلوک کے الزامات بھی سامنے آئے ، جس پر تاجر برادری نے شدید احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انورکے مطابق کارروائی کے طریقہ کار اور سامنے آنے والے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا، ڈی جی ایف آئی اے نے 48 گھنٹوں کے اندر جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اگر کسی اہلکار کی غفلت یا بدسلوکی ثابت ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔