جی ایچ کیو حملہ کیس ، 12 اشتہاریوں کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنیکاحکم
انسداددہشت گردی عدالت نے ضامنوں کو ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا عمر ایوب، زرتاج گل، کنول ، بلال ،راشد شفیق، احمد چٹھہ، رائے حسن ودیگرشامل
راولپنڈی (خبر نگار)انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 12 سزا یافتہ عدالتی اشتہاری مجرموں کے ضمانتی مچلکے اور شوررٹی بانڈز ضبط کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے مجرموں کے ضامنوں کو جاری شوکاز نوٹسز کے جوابات غیر تسلی بخش قرار دے دئیے ،عدالت نے ملزموں کے ضمانتی مچلکے ضبط کرکے ضامنوں کو ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا،جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ضامنوں کو چھ چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی، حکم نامہ کے مطابق سزا یافتہ مجرموں میں عمر ایوب، زرتاج گل، کنول شوزب، اشرف سوہنا ، بلال اعجاز،راشد شفیق، احمد چٹھہ، رائے حسن مرتضیٰ ودیگر شامل ہیں،عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں نو مارچ کو 47 اشتہار ی مجرموں کو دس دس سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔12 مجرموں نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی۔اے ٹی سی راولپنڈی میں زیر سماعت 9 مئی کے مقدمات میں اشتہاریوں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جائے ،فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سنایا۔