دیامر بھاشا ڈیم: متاثرین کو مزید 67 کروڑ 77 لاکھ روپے ادا

 دیامر بھاشا ڈیم: متاثرین کو مزید 67 کروڑ 77 لاکھ روپے ادا

زمین و املاک کے معاوضے کی مجموعی ادائیگی 64 ارب 24 کروڑ تک پہنچ گئی پراجیکٹ کیلئے درکار 35 ہزار 924 ایکڑ زمین میں سے 33 ہزار 848 ایکڑحاصل

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے لیے حاصل کی گئی زمین کے معاوضے کی مد میں اپر کوہستان کے علاقے ہربن کے متاثرین کو مزید 67 کروڑ 77 لاکھ روپے ادا کر دیئے ۔اب تک منصوبے کے متاثرین کو زمین اور املاک کے عوض مجموعی طور پر 64 ارب 24 کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔متاثرین میں معاوضے کے چیک بوشی داس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تھور۔ہربن گرینڈ امن جرگہ کے ذریعے تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر ڈاکٹر نزاکت حسین، ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عزیز اللہ جان، ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ محمد اویس عباسی (ریٹائرڈ)، تھور۔ہربن گرینڈ امن جرگہ کے اراکین، مقامی عمائدین، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ واپڈا اب تک اپر کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو 4 ارب 48 کروڑ روپے سے زائد جبکہ ضلع دیامر کی انتظامیہ کو 59 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد رقم زمین اور املاک کے معاوضے کی مد میں فراہم کر چکا ہے ۔اس طرح دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے لیے زمین کے حصول اور املاک کی مد میں مجموعی ادائیگی 64 ارب 24 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے ۔منصوبے کے لیے درکار 35 ہزار 924 ایکڑ زمین میں سے 33 ہزار 848 ایکڑ زمین حاصل کی جا چکی ہے جس میں 32 ہزار 428 ایکڑ گلگت بلتستان جبکہ ایک ہزار 420 ایکڑ رقبہ خیبر پختونخوا میں واقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں