روات آتشزدگی ، 2 بازارخاکستر، سو سے زائد سٹالز، دکانیں شامل

روات آتشزدگی ، 2 بازارخاکستر، سو سے زائد سٹالز، دکانیں شامل

سامان شعلوں کی نذر، آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ ،جانی نقصان نہیں ہوا تیز ہوا کے باعث آگ بڑے پیمانے پر پھیل گئی، شعلے دورتک دکھائی دیتے رہے

اسلام آباد(احمد بھٹی)تھانہ ہمک کے علاقے روات مین بازار میں خوفناک آتشزدگی،آگ لگنے کے باعث دو کھو کھا بازار مکمل جل گئے ، سو سے زائد سٹالز ، کھوکھے اوردرجنوں دکانیں خاکستر ، کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہو گیا۔ آتشزدگی کے مقام پر بڑی تعداد میں تاجر جمع ہوگئے جواپنا بچاکھچا سامان بچانے کی کوشش کرتے رہے ، ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے رات نو بجے لگنے والی آگ پر 5 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پایا ۔

تیز ہوا کے باعث آگ بڑے پیمانے پر پھیل گئی، جس سے امدادی ٹیموں کو بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ آگ اس قدر زیادہ تھی کہ پورے علاقے کو دھویں کی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کے شعلے دور تک دکھائی دیئے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ روات بازار میں کلر سیداں روڑ کے قریب لگی، آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتا ئی گئی ہے ۔ سی ڈی اے ، پولیس اور راولپنڈی ایمرجنسی سروسز کی مشترکہ ٹیموں نے آگ پر قابو پایا۔آگ لگنے کے واقعہ میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا،بروقت واٹر ٹینکرز پہنچنے سے آگ کے پھیلاؤ کو روکنے میں آسانی رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں