بھارت نے سلال ڈیم کھول دیا، چناب میں سیلاب کا خطرہ

 بھارت نے سلال ڈیم کھول دیا، چناب میں سیلاب کا خطرہ

الرٹ جاری،متعدد اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ ،اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اتار چڑھاؤ متوقع :پی ڈی ایم اے

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے سپِل وے گیٹس کھولنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں دریائے چناب میں پانی کی سطح اچانک بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکام نے اعلان کیا ہے کہ دریائے چناب پر واقع سلال ڈیم کے سپِل وے گیٹس 21 مئی سے 30 مئی تک ذخائر سے گاد نکالنے کیلئے کھولے جائیں گے جس کے بعد پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے چناب کی سطح میں اچانک 2 سے 3 میٹر تک پانی میں اضافہ ہو سکتا ہے ، جس سے خاص طور پر مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اتار چڑھاؤ متوقع ہے ،پانی کے اچانک اخراج اور بھاری تلچھٹ کے باعث دریائی بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلیاں آسکتی ہیں، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ضلع سیالکو ٹ میں تمام سرکاری محکموں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ، ہیڈ مرالہ کے مقام پر کسی بھی وقت اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ۔ سیلابی صورتحال کے باعث ضلع سیالکوٹ ،گجرات، گوجرانوالہ ،وزیر آباد، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین ،چینوٹ کے علاقے شدید متاثر ہوسکتے ہیں، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے دریاؤں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کردی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں