لیسکو چیف کا ہفتے میں تمام ڈبل سورس کنکشن ختم کرنے کا حکم
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ریجن بھر میں بجلی کے ڈبل سورس کنکشنز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے فیلڈ افسروں کو شہر بھر میں ایک ہفتے کے اندر تمام ڈبل سورس کنکشن ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
لیسکو حکام کے مطابق یہ کارروائی سرکاری رہائشگاہوں کے ساتھ ساتھ نجی آبادیوں میں بھی کی جائے گی کیونکہ ڈبل سورس کنکشن انسانی جانوں کیلئے خطرناک ثابت ہو رہے ہیں،حالیہ دنوں لاہور کے علاقے مصطفی آباد میں ایسے ہی ایک کنکشن کے باعث لائن مین کام کے دوران جان کی بازی ہار گیا تھا ، ڈبل سورس سے حادثات میں اضافہ ہوا۔ لیسکو انتظامیہ نے یہ بھی دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ کوئی بھی بااثر شخصیت یا سرکاری افسر ڈبل سورس کنکشن استعمال نہیں کر سکے گا، البتہ مخصوص حساس مقامات جیسے ہسپتال، گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کو خودمختار فیڈرز کے تحت ڈبل سورس کی محدود اجازت حاصل ہوگی۔