پر امن تحریک چلائیں گے ،کسی کو گالی نہیں دینگے ،اچکزئی

 پر امن تحریک چلائیں گے ،کسی کو گالی نہیں دینگے ،اچکزئی

عمران خان کو رہا، فی الفور ان کے کیسز لگاکر فیصلے کئے جائیں :بیرسٹر گوہر اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا آٹھ گھنٹے اجلاس، قائمہ کمیٹیوں میں واپسی پرغور

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو مذاکرات کا مکمل اختیار دے دیا، محمود خان اچکزئی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں مہنگائی، بھوک اور افلاس کے حالات  پر ہم نے اجلاس میں بات کی، پارلیمنٹیرنز نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تحریک چلائیں گے ، پر امن رہیں گے ، کسی کو گالی نہیں دیں گے ، ملک میں آئین کے جو پرخچے اڑائے گئے ہیں ہمیں دکھ ہوتا ہے ، وہ پارٹیاں جن کو کہا جا رہا تھا کہ جمہوریت کی بقا کے لئے کام کر رہی ہیں ان کے پر کاٹے گئے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے آئین کا دفاع کرنا ہے ، اس سلسلے میں تفصیلی بات ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آٹھ گھنٹے جاری رہا، سب نے ملک میں درپیش مسائل کا جائزہ لیا، سب سے اہم بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ان کو سہولیات میسر نہیں ہیں اس پر جائزہ لیا گیا، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جو رویہ برقرار رکھا گیا ہے وہ غیر آئینی بھی ہے اور غیر انسانی بھی۔ ان کو کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہا ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے ، فی الفور ان کے کیسز لگائے جائیں اور اس پر فیصلہ کیا جائے ، محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جو فیصلے لیے جائیں وہ ہمیں منظور ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی پر غور شروع کردیا، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے فوری عملدرآمد کیلئے اہم قرارداد پیش کردی۔پارلیمانی پارٹی نے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کے لیے قرارداد پارلیمنٹیرنز کے سامنے رکھی ، اکثر پارلیمنٹیرنز نے قرارداد کی حمایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں