ملکی زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 22 ارب 58 کروڑ ڈالر ہو گئے

ملکی زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر  22 ارب 58 کروڑ ڈالر ہو گئے

کراچی (کامرس رپورٹر) ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے باوجود خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جو معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے ۔

سٹیٹ بینک کے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں 1 ارب 21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر کی سطح بڑھ کر 17 ارب 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔ مرکزی بینک کے مطابق اس اضافے میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے موصول ہونے والی قسط اور پانڈا بانڈز کے ذریعے حاصل ہونے والی فنڈنگ کو شامل کیا گیا ہے ، جس نے ملکی ذخائر کو سہارا دیا۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک نے گزشتہ ہفتے کچھ بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں بھی کیں، اس کے باوجود ذخائر میں اضافہ برقرار رہا۔ دوسری جانب کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی 3 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے مجموعی ذخائر 5 ارب 50 کروڑ 75 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔یوں پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مجموعی طور پر 1 ارب 25 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد کل ذخائر کی سطح بڑھ کر 22 ارب 58 کروڑ 85 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے ۔ معاشی ماہرین کے مطابق ذخائر میں یہ اضافہ نہ صرف بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ روپے کی قدر میں استحکام، درآمدی ادائیگیوں کی صلاحیت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی تقویت دے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں