وزیراعظم شہباز شریف کی پرنس رحیم آغا کے اعزاز میں ناشتے کی تقریب

وزیراعظم شہباز شریف کی پرنس رحیم آغا کے اعزاز میں ناشتے کی تقریب

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر اُن کے اعزاز میں ناشتے کی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔

شہبازشریف نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دیہی ترقی، صحت، تعلیم، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، ماحولیاتی تبدیلی سے مطابقت، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے شعبوں میں اے کے ڈی این کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اے کے ڈی این کے مؤثر کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پاکستان کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اُن کا دوسرا گھر رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پرنس رحیم کے باقاعدہ دورے پاکستان اور اسماعیلی برادری کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے ۔وزیراعظم نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کی پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کردہ یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا۔ پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور مختلف انسانی ترقی کے اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں