شہری ٹرانسپورٹ پر حملہ ناقابلِ قبول،عالمی برداری کا ردعمل
ایرانی، چینی، روسی، ترک ، آذر سفارتخانوں کی مذمت، پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دہشتگرد حملے کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی ہے ، مختلف ممالک کے سفارتخانوں اور حکومتی اداروں نے واقعہ کو انسانیت سوز اور بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔پاکستان میں ایرانی سفیررضاامیری مقدم نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بزدلانہ اور خودکش دہشتگردانہ اقدام ہے جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے ۔ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی بھی شکل میں قابلِ مذمت ہے اور اس کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ جدوجہد ضروری ہے ۔پاکستان میں چینی سفارتخانے نے بھی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشتگردی کے تعاون کو جاری رکھے گا۔روسی سفارتخانے نے کہا کہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ ترک سفارتخانے نے واقعہ کو خطے میں امن کوششوں کے دوران ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام قرار دیا۔ترکیہ نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے کوئٹہ حملے کو ہولناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی کسی بھی شکل کو جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ بیان میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔تمام سفارتی حلقوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف عالمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کا تدارک کیا جا سکے ۔