31 مئی کو بلیو مون،سال میں 13 مکمل چاند دیکھے جائینگے

31 مئی کو بلیو مون،سال میں 13 مکمل چاند دیکھے جائینگے

مئی کے د وران 31 تاریخ کودوسرا مکمل چاند نمودار ہوگاجوغیر معمولی فلکیاتی واقعہ 31 کو بلیو مون مشرق سے طلوع ہوگا، منظرماہرینِ فلکیات کیلئے توجہ کا مرکز بن سکتا

لاہور(این این آئی)مئی 2026 میں آسمان نایاب فلکیاتی منظر پیش کرنے جا رہا ہے جب ماہِ مئی کے دوران دوسرا مکمل چاند نمودار ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق 31 مئی کو نظر آنیوالا یہ مکمل چاند بلیو مون کہلائے گاجوغیر معمولی فلکیاتی واقعہ سمجھا جاتا ہے ۔اس حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2026 کا پہلا مکمل چاند یکم مئی کو طلوع ہوا تھا جبکہ دوسرا مکمل چاند 31 مئی کو آسمان پر دکھائی دے گا۔چونکہ ایک ہی کیلنڈر مہینے میں دو مرتبہ مکمل چاند نمودار ہو رہا ہے اسی لیے دوسرے چاند کو بلیو مون کا نام دیا جاتا ہے ۔ماہرین کے مطابق عام طور پر ایک سال میں 12 مکمل چاند دیکھنے کو ملتے ہیں تاہم قمری مہینوں اور گریگورین کیلنڈر کے دنوں میں فرق سے بعض اوقات ایک اضافی مکمل چاند بھی سامنے آجاتا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ سال 2026 میں مجموعی طور پر 13 مکمل چاند دیکھے جائیں گے ۔فلکیاتی ماہرین کے مطابق چاند زمین کے گرد تقریباًساڑے 29 دن میں چکر مکمل کرتا ہے جبکہ کیلنڈر کے مہینے اس دورانیے سے مکمل مطابقت نہیں رکھتے ۔ اسی فرق کے باعث بعض برسوں میں ایک ہی مہینے کے دوران دو مکمل چاند دکھائی دیتے ہیں۔مئی کے پہلے مکمل چاند کو فلاور مون کہا جاتا ہے کیونکہ اس دوران بہار اپنے عروج پر ہوتی ہے اور مختلف علاقوں میں پھول کھل رہے ہوتے ہیں۔ چونکہ دو مکمل چاند کے درمیان تقریباً ساڑھے 29دن کا فاصلہ ہوتا ہے اسلئے مہینہ ختم ہونے سے پہلے ایک اور مکمل چاند طلوع ہوگا۔اس حساب سے 31 مئی کو نظر آنیوالے چاند کو باقاعدہ طور پر ماہانہ بلیو مون قرار دیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق 31 مئی کو بلیو مون مشرق سے طلوع ہوگا جسکے باعث فلکیات کے ماہرین اور دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے یہ منظر خاص توجہ کا مرکز بن سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں