ریلوے 1700 کلومیٹر فائبر نیٹ ورک کیساتھ ٹیکنالوجی انقلاب پرتیار

 ریلوے 1700 کلومیٹر فائبر نیٹ  ورک کیساتھ ٹیکنالوجی انقلاب پرتیار

لاہور (اے پی پی)پاکستان ریلوے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بڑے پیمانے کی تبدیلی کی جانب پیشرفت کر رہا ہے جہاں 1700 کلومیٹر فائبر آپٹک نیٹ ورک اور متعدد سمارٹ ریلوے نظام متعارف کرانے کے منصوبہ کے تحت ملک بھر میں آپریشنز، فریٹ مینجمنٹ اور مسافروں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔

سرکاری منصوبہ جاتی دستاویزات کے مطابق یہ اقدام ریلوے ایڈوانس انفراسٹرکچر نیٹ ورک پروگرام کا حصہ ہے ، جسے ادارے کی تاریخ کا پہلا بڑا آمدن پر مبنی ڈیجیٹلائزیشن منصوبہ قرار دیا گیا ہے ۔ پروگرام کا مقصد ریلوے آپریشنز کیلئے جامع ڈیجیٹل نظام اور مختلف شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا ہے ۔منصو بہ کے تحت ریلوے 1700 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک بیک بون قائم کرے گاجس میں تقریباً 700 کلومیٹر فائبر انفراسٹرکچر ریلوے کی ملکیت ہوگا جبکہ مزید 1000 کلومیٹر فائبر نیٹ ورک ایف ڈبلیو او کیساتھ سٹراٹیجک شراکت داری کے تحت تیار کیا جائے گا۔ منصوبے میں پبلک پارٹنرشپ کے ذریعے بینڈوڈتھ ٹرانسمیشن بھی شامل ہوگی۔ڈیجیٹل تبدیلی کے اس پروگرام کے تحت ریلوے کی 78 سالہ آپریشنل تاریخ میں پہلی مرتبہ مکمل ڈیجیٹل مینی فیسٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں