بجٹ منظوری کیلئے گورنر ٹیسوری کی بحالی ریڈلائن ،فاروق ستار
144 اے سستا سودا،پیپلزپارٹی کڑوا گھونٹ پی لے ورنہ کڑوا جام پینا پڑیگا 18 برس سے صوبے پر یکطرفہ یلغار،وزیراعظم سندھ میں توازن قائم کریں
اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) ایم کیو ایم پاکستان نے کامران ٹیسوری کو دوبارہ گورنر سندھ بنانے کا مطالبہ کردیا۔ سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے ،وزیراعظم سندھ میں سیاسی توازن قائم کریں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کامران ٹیسوری کو گورنر کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ آج تک نہیں بتائی گئی، کامران ٹیسوری میں بطور گورنر کیا کمی تھی، مسلم لیگ ن نے گورنر سندھ کو پیپلزپارٹی کی ایما پر ہٹایا، اٹھارہ سال سے سندھ پر یکطرفہ یلغار ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا لگتا ہے مسلم لیگ ن بھی کامران ٹیسوری سے خود کو غیر محفوظ سمجھتی تھی، بجٹ سے قبل مسلم لیگ ن سے ہمارا مطالبہ ہوگا کہ ایم کیو ایم کے گورنر کامران ٹیسوری کو بحال کیا جائے ، ایم کیو ایم کی 140 اے کی آئینی ترمیم کو ہی اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے طور پر لایا جائے ۔ فاروق ستار نے کہا یہ سستا جمہوری حل ہے جو پیپلزپارٹی قبول کرلے ، پیپلزپارٹی نے اپنے سیاسی قد اور حجم سے زیادہ سیاسی اسپیس لے لی ہے۔
کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے سمیت اور بھی طریقے ہیں، ایک سو چالیس اے سستا سودا ہے پیپلزپارٹی وہ قبول کرلے ، پیپلزپارٹی یہ کڑوا گھونٹ پی لے وگرنہ کڑوا جام پینا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا بجٹ منظوری کیلئے کامران ٹیسوری کی بطور گورنربحالی ہماری ریڈلائن ہے ،ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی بجٹ میں حکومت کا ساتھ دینے کیلئے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ بحالی کا بھرپور مطالبہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ ایم کیوایم کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے اجلاس میں بھی اسے پارٹی کی ریڈ لائن بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ فاروق ستار نے کہا پوری پارٹی کامران ٹیسوری کے ساتھ ہے کیونکہ جیسی گورنری انہوں نے سنبھالی، اس کا کوئی موازنہ ہی نہیں۔کامران ٹیسوری کے جانے سے ایم کیوایم کونقصان ہوا، گورنر ہاؤس سے شہر کے مسائل اجاگر کرنے اورانہیں حل کرنے والی ایک مضبوط شخصیت کو ہٹایا گیا، اس لیے بجٹ کے موقع پر ایم کیوایم کوئی لحاظ نہیں رکھے گی، کامران ٹیسوری کی بحالی کے معاملے پر کھل کر بات کی جائے گی۔