پی ٹی آئی کی چیف الیکشن کمشنرکیخلاف شکایت خارج

پی ٹی آئی کی چیف الیکشن کمشنرکیخلاف شکایت خارج

شکایت میں اٹھائے گئے نکات مزید کارروائی کے متقاضی نہیں ،سپریم جوڈیشل کونسل

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم جوڈیشل کونسل نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف دائر کی گئی شکایت خارج کر دی۔ کونسل نے اپنے فیصلے سے شکایت گزار کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے ۔ذرائع کے  مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے 11 فروری کو ہونے والے اپنے اجلاس میں شکایت کا تفصیلی جائزہ لیا اور دستیاب مواد و قانونی نکات پر غور کے بعد درخواست کو مزید کارروائی کے لیے قابلِ سماعت نہ سمجھتے ہوئے خارج کرنے کا فیصلہ کیا۔شکایت میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی بنیاد پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ انتخابات کے انعقاد اور نتائج سے متعلق معاملات میں چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے ۔سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق شکایت میں اٹھائے گئے نکات کونسل کے دائرہ اختیار کے تحت مزید کارروائی کے متقاضی نہیں پائے گئے ، جس کے بعد درخواست خارج کر دی گئی۔واضح رہے کہ عمر ایوب خان نے یہ شکایت بطور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف دائر کی تھی اور اس میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آئینی و قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں