محمود بوٹی :معصوم بچی کھلے مین ہول میں جا گری
مقامی افراد نے بچی کو گٹر سے باہر نکال کر بچا لیا، فوٹیج منظر عام پر آ گئی بلال یاسین کی واسا کے سب انجینئر ، ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کی ہدایت
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے محمود بوٹی شاہ گوہر آباد میں ایک معصوم بچی سڑک کنارے کھلے مین ہول میں جا گری،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی معمول کے مطابق گلی میں موجود تھی کہ اچانک کھلے مین ہول میں جا گری تاہم وہاں موجود افراد نے فوری اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے بچی کو مین ہول سے باہر نکال لیا اور یوں ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔مقامی آبادی کے مطابق یہ مین ہول کئی روز سے کھلا پڑا تھا اور متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ حکام نے کوئی مو ثر اقدامات نہیں کئے تھے جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ شاہ گوہر آباد کے مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے بلکہ ایسے تمام کھلے مین ہولز کی فوری نشاندہی کرکے انہیں محفوظ بنایا جائے ۔ دریں اثنا وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے نوٹس لیتے ہوئے پی سی سی کا کام کرنے کے دوران غفلت برتنے والی ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کروانے ،متعلقہ سب انجینئر کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا لاہور کو مزید تحقیقات کر کے رپورٹ جلد پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ دوسری طرف واسا نے مذکورہ کھلے مین ہول کوڈھکن لگا کر کور کر دیا گیا ہے ۔یاد رہے لاہور میں ابتک کھلے گٹروں کے باعث متعدد المناک حادثات رونما ہو چکے ہیں۔