ایکشن کمیٹی کا مطالبہ انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کے مترادف :خواجہ آصف
مہاجرین کشمیر کی 12نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ 27جولائی کو عوام کے سامنے رکھیں مہاجروں نے آزادی کی بھاری قیمت ادا کی، آپ کیسے انہیں حق سے محروم کر سکتے :بیان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر کے الیکشن ہیں،عوامی ایکشن کمیٹی کا کشمیرقانون ساز اسمبلی کی پاکستان میں مقیم مہاجرین کشمیر کی مخصوص 12 نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے ، جو لوگ یہ مطالبہ کر رہے ہیں وہ اس کو 27 جولائی کو عوام کے سامنے رکھیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خلق خدا کو یہ فیصلہ اور نمائندگی کی شکل تشکیل کرنے دیں، یہ جمہوری سوچ ہوگی ورنہ یہ بلیک میلنگ تصور ہوگی۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ شہر اور تحصیل سے کشمیر اسمبلی کی ایک سیٹ ہے ، پاکستان قومی اسمبلی کی دو نشستیں ہیں، باقی پاکستان میں کشمیر اسمبلی کے حلقے پھیلے ہوئے ہیں ۔وزیر دفاع نے کہا کہ اکتوبر1947 میں مہاجر 2 لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی دیکر سیالکوٹ آکر بسے ، لاکھوں عصمتیں لٹیں، ہزاروں بیٹیاں اغوا ہوئیں، آپ کیسے ان مہاجرین کشمیر کو حق سے محروم کر سکتے ہیں ،ان کشمیری مہاجروں نے آزادی کی بہت بڑی قیمت ادا کی ، اپنی رائے کو تسلیم کروانے کیلئے جمہوری راستہ اپنائیں۔