کوہ سلیمان:سی ٹی ڈی کیساتھ جھڑپ،کمانڈر سمیت 2دہشتگرد ہلاک

کوہ سلیمان:سی ٹی ڈی کیساتھ  جھڑپ،کمانڈر سمیت 2دہشتگرد ہلاک

لاہور ،ڈیرہ غازیخان(کرائم رپورٹر ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)کوہ سلیمان میں محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی )اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے دوران ایک اہم کمانڈر سمیت 2دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب کے قبائلی اور پہاڑی علاقے کوہ سلیمان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)سے وابستہ دہشت گردوں کے ایک گروہ کا سراغ لگا لیا، جس کے نتیجے میں ہونے والی جھڑپ میں ایک اہم کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی اپنے دو زخمی ساتھیوں کو لے کر پسپا ہو گئے ۔انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کے 12 سے 15 مسلح افراد پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کے راستے تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں داخل ہوئے تھے ، یہ عناصر تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے آباد علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ جدید ہتھیاروں، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیموں نے جنڈوگا کے قریب کاچی گورو-لکھنی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں رات بھر خفیہ نگرانی جاری رکھی،جس کے بعد سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔اس دوران دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ،سرچ آپریشن جاری ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں