بیروت پر حملے،جواب میں ایران نے اسرائیل پر میزائل چلا دیئے:ٹرمپ نے نیتن یا ہو کو جوابی کارروائی سے روک دیا

بیروت  پر  حملے،جواب میں  ایران  نے  اسرائیل پر میزائل  چلا دیئے:ٹرمپ نے  نیتن  یا  ہو  کو  جوابی  کارروائی  سے  روک  دیا

لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 10 افراد شہید ،ایران کے میزائل داغے جانے پر اسرائیل میں سائرن بج اٹھے ،ایرانی مغربی فضائی حدود غیر معینہ مدت کیلئے بند اسرائیل کے حملے نہ رکے تو نتائج تباہ کن ہونگے :پاسداران انقلاب ، بیروت پر حملے سے خوش نہیں، بہت ہوگیا ایران میزپر واپس آئے اورمعاہدہ کرے :امریکی صدر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل نے گزشتہ روز بیروت کے مضافات میں بمباری کردی جس کے بعد ایران نے اسرائیل پر میزائل حملے کئے ہیں ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو جوابی کارروائی سے روک دیا،ان کا کہناہے کہ اگراسرائیل نے جوابی حملہ کیاتو یہ سلسلہ چلتارہے گا ،اسرائیل کے بیروت پر حملے سے خوش نہیں ہوں ،بس اب بہت ہوا ایران مذاکرات کی میز پرواپس آئے اور معاہدہ کرے ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز جنوبی لبنا ن اوربیروت کے مضافات پر حملے کئے ،لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں میں لبنانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل سمیت 10 افراد شہید اور 22 زخمی ہوگئے ۔ لبنان کے وزیراعظم نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ دوسری طرف حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔

بیروت میں اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان میں دو مختلف واقعات میں اس کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے ، جن میں ایک ڈرون حملے میں زخمی ہونے والا کیپٹن دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اہلکار ممکنہ طور پر حادثاتی فائرنگ میں ہلاک ہوا۔بیروت پر حملے کے جواب میں ایران نے رات گئے اسرائیل پر میزائل داغ دئیے ۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل فائر کئے گئے جسے فضائی دفاع نظام ناکام بنا تارہا۔ایران کی طرف سے میزائل داغے جانے کے بعد حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں سائرن بجا دئیے گئے ۔ ایرانی حکام نے لبنانی دارالحکومت پر اسرائیلی حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کی وارننگ دی تھی۔دوسری جانب پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل لبنان پر حملے روک دے ، ورنہ نتائج مزید تباہ کن ہوں گے ۔

ایران کے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے فوجی مشیر محسن رضائی نے ایکس پر کہا ہے کہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ لبنان کے خلاف جنگ بندی کی خلاف ورزی یا جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا،رات حملہ آوروں کو ان کا جواب ملا، یہ جواب ان کیلئے ایک انتباہ ہے کہ وہ اپنی جارحیت سے باز رہیں، ہر نئی کارروائی پر زیادہ بھرپور ردعمل اور بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کو سمجھنا چاہئے کہ انہیں عالمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت پرامن جوہری افزودگی سمیت ایران کے حقوق تسلیم کرنا ہوں گے ۔ایک بیان میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی اثاثے صرف ایران کیلئے دستیاب ہونے چاہئیں ، ایرانی مسلح افواج کسی بھی حملے کا پوری طاقت سے جواب دیں گی۔ایران کے اسرائیل پر حملوں کے بعد ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود غیر معینہ مدت تک بند کردی گئی۔شام نے بھی جنوبی فضائی حدود کو 12 گھنٹوں کیلئے عارضی طور پر بند کر دیا اور دمشق ایئرپورٹ پر آپریشن معطل کردیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مشورہ دوں گا، آپ نے اپنے میزائل داغ دئیے بس اتنا کافی ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی بارک راوڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میز پر واپس آئے اور معاہدہ کرے ، امریکی فوج الرٹ ہے ۔

ایرانی حملوں سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتاہے ،ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیروت پر آج کے حملے پر خوش نہیں ہوں، میں ابھی نیتن یاہو کو فون کرنے جا رہا ہوں، اسرائیلی وزیر اعظم سے کہوں گا کہ ایران کیخلاف جوابی کارروائی نہ کریں ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے پہلے نہ تو منجمد اثاثے بحال کئے جائیں گے اور نہ ہی پابندیاں ختم کی جائیں گی ۔ ان کے مطابق مالی ریلیف صرف معاہدے کے بعد دیا جائے گا جبکہ امریکا ایران کے جوہری پروگرام پر سخت ضمانتوں کا مطالبہ کر رہا ہے ۔ٹرمپ نے این بی سی نیوز کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ ہو جاتا ہے تو امریکا ایران کے ساتھ مل کر افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو ہٹانے اور تلف کرنے میں مدد کرے گا بصورت دیگر امریکا فوجی طاقت سے ایسا کرے گا۔ ہم ایران کے ساتھ یا اس کے بغیر کرنے جا رہے ہیں لیکن ہم انہیں اپنے اوپر گولی چلانے نہیں دیں گے ، ہم انتہائی سخت فوجی کارروائی کے ساتھ سب سے پہلے انہیں باہر نکالیں گے ۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا خلا سے ایرانی اقدامات کی نگرانی کر رہا ہے ،ہمارے پاس ہر جگہ کیمرے لگے ہوئے ہیں، ہم آپ کے کالر پر لکھا نام بھی پڑھ سکتے ہیں۔

میں ابھی مطمئن نہیں ہوں اوراس بات کو یقینی بنانے کے مزید ضمانتیں چاہتا ہوں کہ ایران معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرے ۔ ایکس پر بیان میں ایرانی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم کے خلاف بحری ناکہ بندی اور اسرائیلی حکومت کو ملنے والے امریکی گرین سگنل نے خطے میں امریکی اور حکومتی اڈوں اور اثاثوں کو جائز اہداف میں تبدیل کر دیا ہے ،ہماری مسلح افواج کے ہاتھ ہمیشہ کی طرح کھلے ہیں۔قالیباف نے کہا کہ امریکا اسرائیل نہ تو جنگ بندی کے پابند ہیں اور نہ ہی بات چیت پر یقین رکھتے ہیں اور بحری ناکہ بندی اور لبنان کے حوالے سے معاہدوں کی خلاف ورزی کے ذریعے یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن وحید احمدی نے کہا ہے کہ خطے میں ایک نئی جنگ کا امکان موجود ہے ،امریکا کے ساتھ حقیقی جنگ بندی نہیں بلکہ صرف وقفہ ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایران کو کمزور کرنا چاہتا ہے ، تاہم ایران نئے وسائل حاصل کر رہا ہے ۔ادھر امریکی سینٹ کام نے کہا ہے کہ اس کی افواج نے آبنائے ہرمز میں دو ایرانی ڈرون مار گرائے ہیں جو بین الاقوامی بحری راستوں کیلئے خطرہ بن رہے تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں