علیمہ خان کی 2گواہوں کی دوبارہ طلبی،جرح کی درخواست منظور
احتجاج کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے طلبی کے سمن جاری کردئیے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ملک سے انصاف ختم ہوگیا ،علمیہ خان کی گفتگو
راولپنڈی (خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کی 2گواہوں کی دوبارہ طلبی اور جرح کی درخواست منظور کرلی ہے ، علیمہ خان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہو ئیں، پراسیکیوشن کی جانب سے استغاثہ کے گواہوں کو دوبارہ طلب کرنے پر اعتراض کیا گیا جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے پہلے تفتیشی آفیسر راجہ افتخار اور این سی سی آئی اے کے آفیسر نادر کو دوبارہ جرح کے لئے طلبی کے سمن جاری کر دئیے ، مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی،دریں اثنا پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد ملک سے انصاف ختم ہوگیا ہے ، اپنے حق کیلئے نکلنے کو جرم بنا دیا گیا،لوگوں کی آزادی ختم کر دی گئی ہے۔