رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اصلاحات متعارف کرائینگے :چیئرمین نیب

 رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اصلاحات متعارف کرائینگے :چیئرمین نیب

فراڈ، فائل کلچر ، غیر شفاف لین دین کے خاتمے کیلئے مو ثر اقدامات کئے جا رہے :خطاب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد کا لاہور چیمبر کا دورہ، نیب ایگزیکٹو فیسلیٹیشن آفس کا افتتاح

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کیلئے جامع اصلاحات متعارف کروا رہا ہے جن کے تحت ہاؤسنگ و رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں غیر قانونی اور غیر شفاف طریقہ کار کا خاتمہ کیا جائے گا ،اصلاحات سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں فراڈ کا خاتمہ ہوگا ۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اور نیب کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ  کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط بھی کئے گئے جبکہ چیئرمین نیب نے لاہور چیمبر میں قائم نیب ایگزیکٹو فیسلیٹیشن آفس کا افتتاح کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد نے خطاب میں مزید کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں نیب نے مجموعی طور پر 880 ارب روپے کی ریکوری کی جبکہ موجودہ دور میں یہ حجم نمایاں طور پر بڑھ کر 15,400 ارب روپے تک پہنچا ، اس کے ساتھ ساتھ 48 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی بھی واگزار کرائی گئی ۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کراچی میں تقریباً 10 ٹریلین روپے مالیت کی سرکاری زمین کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں اسٹیٹ اثاثہ جات کی ریکوری کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں ، جن میں مال روڈ اور کینٹ کے علاقوں کی قیمتی جائیدادیں بھی شامل ہیں۔ ڈی جی نیب مرزا فاران بیگ ، صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے بھی خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں