سینیٹ کمیٹی :پی سی بی میں خاتون ممبر،صوبائی نمائندگی کی سفارش
پی سی ایل میں ٹیمیں بڑھانے سے منافع 2ارب سے بڑھ کر ساڑھے 7ارب ہوگیا سٹینڈرڈ ٹائم ترمیمی بل منظور، سول سرونٹس، فیڈرل ایمپلائز ترمیمی بلز موخر
اسلام آباد ( اپنے رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ) سینیٹ کی کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں خاتون ممبر سمیت چاروں صوبوں کی نمائندگی کی سفارش کر دی،کمیٹی نے سٹینڈرڈ ٹائم ترمیمی بل کی منظوری جبکہ سول سرونٹس ترمیمی بل اور فیڈرل ایمپلائز ترمیمی بل کو موخر کردیا۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیرصدارت ہوا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ کراچی سٹیڈیم کی 5ارب روپے سے تزئین و آرائش کی جارہی ہے جس پر چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ پانچ ارب روپے سے نیا سٹیڈیم نہیں بن جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ نئے سٹیڈیم کی تعمیر کے لیے 12 سے 14 ارب درکار ہوتے ہیں۔ کمیٹی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے بتایا کہ سینئر آفیسرز کی تنخواہ 12 سے 24 لاکھ روپے کے درمیان ہے ۔ پی سی بی حکام کے مطابق پی سی ایل میں ٹیموں کی تعداد 8 کرنے سے منافع 2 ارب سے بڑھ کر ساڑھے سات ارب ہوگیا۔ پی ایس ایل 2026 پر مجموعی اخراجات 2 ارب 64 کروڑ 54 لاکھ سے زائد ہوئے جبکہ مجموعی آمدن 10 ارب 19 کروڑ 52 لاکھ سے زائد رہی۔