نوشہرہ، چھاپہ کے دوران اغوا کار کی فائرنگ ، ہیڈ کانسٹیبل شہید
پولیس کی جوابی کارروا ئی میں ملزم بھی ہلاک ،اسلحہ و منشیات برآمد ،بچہ بازیاب
نوشہرہ (نمائندہ دنیا)زیارت کاکا صاحب کے علاقہ سپین کانڑے میں بارہ سالہ بچے کی بازیابی کے لیے پو لیس نے ایک گھر پر چھاپہ ماراتو ملزم نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ہیڈکانسٹبل روایت خان شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں مبینہ اغوا کار ہلاک ہو گیا۔پولیس نے بارہ سالہ بچے محمد زکریا کو باحفاظت بازیاب کروالیا،ملزم کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیا ت برآمد ہو ئی۔ شہید ہیڈکانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن نوشہرہ میں ادا کی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی اور تابوت پر پھول چڑھائے ، جسد خاکی آبائی علاقہ صحبت کورونہ کلنجر روانہ کر د یا گیا ۔