عوام دشمن حکمرانوں کا راستہ روکنے کا وقت آگیا:حافظ نعیم
مہنگائی،تعلیم ،صحت سمیت مسائل عوام کا مقدر نہیں حکمرانوں کا مسلط کردہ عذاب عوام پر پٹرول بم گرائے جارہے ، چینی،آٹا مافیا مسلط، اورنگی، میٹروول کادورہ
کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی،پانی کا بحران،بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ، تعلیم وصحت،ٹرانسپورٹ اور سیوریج کے مسائل عوام کا مقدر نہیں حکمرانوں کا مسلط کردہ عذاب ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ ظالم اور عوام دشمن حکمرانوں کا راستہ روکا جائے ،اگر عوام بالخصوص نوجوان حکمرانوں کے راستے کی دیوار نہیں بنیں گے تو یہ ظالم عوام کو اسی طرح دباتے اور مسائل سے دوچار کرتے رہیں گے ، بجٹ میں عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا، پٹرول کی قیمت کم نہ کی گئی اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاجی تحریک کا آغاز، پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کریں گے ، بلدیاتی الیکشن میں اورنگی ٹاؤن سمیت پورے شہر میں عوامی مینڈیٹ کو چھیناگیا، جماعت اسلامی کے ٹاؤن اورمیئر شپ پر قبضہ کیاگیا، عوام کو ان کی حقیقی قیادت سے محروم کیاگیا، جماعت اسلامی نے اہل اورنگی،دودفعہ ہجرت کرنے والوں اور پورے شہر کے عوام کے حق اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی، نادرا میں شناختی کارڈزکے حصول کے مسائل حل کرائے ،کے الیکٹرک،واٹر کارپوریشن کے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی، کراچی کسی ایک زبان بولنے والے نہیں بلکہ تمام زبانیں بولنے اورملک کے ہر حصے سے تعلق رکھنے والوں کا شہر ہے ، سندھ حکومت اور قابض میئر کی نااہلی،بدانتظامی اور ناقص کارکردگی کے باعث پیدا شدہ مسائل سے کراچی کا ہر شہری متاثر ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن اور میٹروول کے دورے کے دوران مومن آباد چوک اور دعا چوک ساڑھے گیارہ نمبر میں جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر شپ ڈرائیوکے سلسلے میں لگائے گئے کیمپوں پر شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ اورنج لائن پروجیکٹ کے نام سے اورنگی کے عوام کو دھوکا دیا گیاہے ۔ 18سال ہو گئے کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوا،12ارب روپے سے بنائی جانے والی حب نہر چند دنوں میں ٹوٹ گئی،کراچی کے عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، عوام پر پٹرول بم گرائے جارہے ہیں، غریب ومتوسط گھرانے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں،پٹرول کی قیمت میں 150روپے کا ٹیکس لگایاجاتا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ، ملک میں چینی اور آٹا مافیا مسلط ہیں،کراچی کی یونیورسٹیاں بدترین صورتحال کاشکار ہیں، انہیں گرانٹ نہیں دی جاتی، اساتذہ،ملازمین اور ہزاروں طلبہ وطالبات مسائل سے دوچار ہیں۔ جماعت اسلامی بنوقابل پروگرام کے ذریعے فری آئی ٹی کورسز کروارہی ہے ، اورنگی ٹاؤن میں مزید کیمپس بنائیں گے ،اگر ہمیں موقع ملا تو پورے پاکستان میں یکساں نظام تعلیم ہوگا او ریکساں اور اعلی معیار کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ قبضہ مافیا نے شہریوں کو پانی،بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات سے محروم کیا ہوا ہے ۔ قابض مئیر نے عباسی شہید اسپتال کو تباہ کردیا ہے ۔ ڈاکٹروں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں،ڈاکٹر نور الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی بدل دونظام تحریک کے پلیٹ فارم سے ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے عوام متحد ہورہے ہیں۔