مئی میں ترسیلاتِ زر کا نیا ریکارڈ، 4.3ارب ڈالر موصول
ماہانہ 20.2 فیصد ،سالانہ بنیادوں پر 15.4 فیصد اضافہ ریکارڈ ،سٹیٹ بینک
اسلام آباد (اے پی پی)مئی 2026 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ترسیلاتِ زر کی مد میں 4.3ارب ڈالر وطن بھجوائے ، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے ۔سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر 20.2 فیصد جبکہ سال بہ سال بنیادوں پر 15.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی)کے دوران ترسیلاتِ زر 9.2 فیصد اضافے کے ساتھ 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 34.9 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
مئی 2026 میں ترسیلاتِ زر کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے 1.025 ارب ڈالر موصول ہوا، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 1.007 ارب ڈالر، برطانیہ سے 645.5 ملین ڈالر اور امریکا سے 349.8 ملین ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ کی گئیں۔ماہرین کے مطابق ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ زرمبادلہ کے ذخائر، بیرونی کھاتوں کے استحکام اور مجموعی معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارہ ہے ۔