موسمیاتی تبدیلی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری نا گزیر، مصدق ملک
سندھ طاس معاہدہ کی یکطرفہ معطلی سے عالمی معاہدوں کے تقدس پر سوالات اٹھتے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سے ہسپانوی سفیرکی ملاقات ، علاقائی، عالمی امور پر گفتگو
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس آراگون نے ملاقات کی جس میں علاقائی اور عالمی امور سمیت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال ، دوطرفہ تعاون، سندھ طاس معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا،مصدق ملک نے کہا اگر سندھ طاس بین الاقوامی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا غیر مو ٔثر بنایا جا سکتا ہے تو اس سے بین الاقوامی معاہدوں کے تقدس بارے میں سوالات جنم لیتے ہیں، انہوں نے کہاموسمیاتی تبدیلی کے باعث موسمیاتی پیٹرنز میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جس سے غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے ،مستقبل کے خطرات اور نقصانات کو کم کرنے کے لئے پیشگی تیاری ناگزیر ہے ۔ سپین کے سفیر نے گلگت بلتستان کے اپنے حالیہ دورے کے تاثرات شیئر کیے اور علاقے کے قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور مقامی لوگوں کی مہمان نوازی کو سراہا۔